بلجیم،19جون؍(ایس اونیو/آئی این ایس انڈیا)بیلجیم میں حکام نے تین افراد پر دہشت گردانہ حملوں کی کوشش کا باقاعدہ الزام عائد کر دیا ہے۔ یورپی فٹ بال چیمپئن شپ کے موقع پر ممکنہ دہشت گردانہ حملوں کی رپورٹوں کے تناظر میں بیلجیم کی سکیورٹی فورسز نے جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب ملک میں درجنوں مقامات پر چھاپے مار کر 12افراد کو حراست میں لے لیا تھا۔ سمیر سی، مصطفیٰ بی اور جواد بی نامی یہ ملزمان حراست میں لیے گئے انہیں12افراد میں شامل تھے۔ ان تینوں پر ایک دہشت گرد گروہ کی سرگرمیوں میں شامل ہونے کا الزام بھی عائد کیا گیا ہے۔ استغاثہ کے مطابق حراست میں لیے گئے دیگر نو افراد کو گزشتہ روز ہی رہا کر دیا گیا تھا۔